حکومت متاثرہ کنبوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے نقصانات کی بھرپائی کیلئے کوششیں جاری:پرنسپل سیکریٹری

پونچھ//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے آج ضلع پونچھ کا دورہ کیا تاکہ حالیہ سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے ملاقات کرسکیں اور متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔اُنہوںنے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا اور ذاتی طور پر ان کنبوں کے اَفراد سے ملاقات کی جو گولہ باری سے متاثر ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے ان سے اِظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مفاد پر مبنی متحرک حکمت عملی اَپنائیں تاکہ ریلیف اور بحالی کا عمل مؤثر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔پرنسپل سیکرٹری دورے کے دوران منکوٹ گئے جہاں اُنہوں نے گولہ باری کے واقعہ میں جاں بحق ہوئی خاتون کے سوگوار اہل خانہ سے ملاقات کی۔اُنہوں نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے اَفراد کے ساتھ کھڑے ہونے کے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے ڈِسٹرکٹ پولیس لائنز پونچھ (ڈِی پی ایل) کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں گولہ باری سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا اور پولیس اَفسران سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے مشکل حالات میں اَمن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی لگن اور خدمات کو سراہا۔پرنسپل سیکرٹری شیلندر کمار کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ وِکاس کنڈل بھی تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پرنسپل سیکرٹری کو متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف اور بحالی کے کاموں سے متعلق بریف کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ بجلی اور واٹر سپلائی مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے، ہسپتال معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ وِکاس کنڈل نے مزید بتایا کہ گاؤں کی سطح پر جائزہ کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جو زمین پر سرگرم عمل ہیں اور نقصانات کی نشاندہی اور دستاویزات کا کام انجام دے رہی ہیں۔ ضلعی اِنتظامیہ نے متاثرہ لوگوں کی سہولیت کے لئے ’’ رپورٹ ٹو سپورٹ‘‘ کے عنوان سے ایک اقدام بھی شروع کیا ہے جس کے تحت تحصیل وار واٹس ایپ نمبرات جاری کئے گئے ہیں تاکہ شہری آسانی سے نقصانات کی اطلاع دے سکیں یا مدد حاصل کر سکیں۔پرنسپل سیکرٹری نے ضلعی اِنتظامیہ کے فوری اور مربوط ردِّعمل کو سراہا اور زور دیا کہ ریلیف اَقدامات کو مؤثر اور عوامی مفاد پر مبنی طریقے سے جاری رکھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں